حیدرآباد۔/13 مئی، ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے کوویڈ کنٹیمنٹ زونس کے سوا ریاست کے تمام اضلاع میں آج سے تاڑی تاسنے( درختوں سے سیندھی نکالنے ) کی اجازت دے دی۔ ایک سرکاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ تاڑی تاسندوں کو تاڑی کی فروخت کے دوران کوویڈ سے محفوظ رہنے کیلئے معلنہ رہنمایانہ خطوط احتیاطی تدابیر اور سماجی دوری کے ضابطوں کی پابندی کرنا ہوگا۔‘‘۔ تاسندے صرف ان ہی مقامات پر تاڑی فروخت کرسکتے ہیں جہاں وہ نکالی گئی۔ انہیں دوکانات پر فروخت نہیں کرنا چاہیئے۔ تاری تاسنے کی اجازت کو منصفانہ قرار دیتے ہوئے وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تاڑی تاسنے والوں کی برادری کی فلاح و بہبود کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں بجز کنٹینمنٹ زونس دیگر تمام مقامات پر شراب کی دوکانات کھولنے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔