اضلاع میں جرائم و حادثات

   

بیلٹ شاپ پر دھاوا
بھینسہ 20/مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ٹاؤن سرکل انسپکٹر آف پولیس ڈی راجہ ریڈی نے بتایا کہ شام کے اوقات میں پولیس عہدیداروں نے شہر کے ایک بیلٹ شاپ پر دھاوا کیا جہاں غیر قانونی طور پر شراب فروخت کی جارہی تھی جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے غیر قانونی 6.5 لیٹر شراب کو ضبط کرلیا جس کی مالیت سات ہزار ایک سو پچاس روپے ہے غیر قانونی شراب فروخت کرنے والے سائی پرشانت ولد لنگنا متوطن بھٹی گلی بھینسہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے انھوں نے بتایا کہ اس تفتیشی کاروائی کو بھینسہ ٹاؤن سب انسپکٹر آف پولیس محمد شریف نے انجام دیا اس موقع پر دیگر پولیس عملہ بھی موجود تھا۔
رشوت ستانی کے خلاف کارروائی
میدک20/مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک رورل پولیس اسٹیشن پر برسرخدمت سکشن رائیٹر مسٹر سریندر 4/ہزارروپے رشوت قبول کرتے ہوے اے سی بی کی جال پھنس گئے۔تفصیلات کے مطابق میدک کے اوسل پلی کا ایک شخض مسٹر کے راملو جو غیر مجاز طور پر ریت کے کاروبار کرتا تھا اسکا ریت سے بھرا ٹریکٹر جو پولیس رورل نے ضبط کرلیا تھا اس ٹریکٹر کو چھوڑنے کیلئے راملو اور سریندر پولیس رائٹر کے درمیان 15 ہزار کا معائدہ کیا گیا تھا۔متاثرہ راملو نے اے سی بی کے عہدیداروں سے رجوع ہوکر کانسٹبل رائیٹر سریندر کو 4/ہزار دیا اے سی بی عہدیداروں نے جال بچھاکر راملو کو رنگے ہاتھ پکڑ لیا اور ضابطہ کی کاروائی انجام دی۔
ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک
محبوب نگر /20 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ محبوب نگر ریلوے پولیس کے حدود میں پیش آیا ۔ ریلوے پولیس ایس آئی سید اکبر نے بتایا کہ ویرنا پیٹھ کے ٹیلر محمد انور پاشاہ 50 سالہ اتوار کی شب ٹی ڈی گٹہ ویرنا پیٹھ کے درمیان علی مسجد کے قریب ریلوے پٹریاں عبور کر رہے تھے کہ ٹرین کی زد میں آگئے ۔ مقامی عوام نے انہیں ہاسپٹل منتقل کیا ۔ پولیس کیس درج کرکے مصروف تحقیقات ہے ۔