اضلاع میں راشن کارڈس کی تقسیم اور دیگر فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری

   

چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس، بارش کے دوران احتیاطی اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے مانسون کی تیاریوں ، راشن کارڈس کی تقسیم اور کسانوں کو یوریا کی سربراہی کے مسئلہ پر متحدہ اضلاع کے اسپیشل آفیسرس اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے حال ہی میں ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے تسلسل کے طور پر چیف سکریٹری نے یہ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کی نگرانی کے لئے سینئر عہدیداروں کو متحدہ اضلاع کا اسپیشل آفیسر مقرر کیا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے اسپیشل آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اپنے الاٹ کردہ اضلاع کا دورہ کریں اور ضلع کلکٹرس کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعہ عوام تک یہ پیام پہنچائیں کہ نظم و نسق مسائل کے حل کے لئے چوکس ہے۔ اسپیشل آفیسرس سے کہا گیا کہ وہ وقتاً فوقتاً اچانک دورہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو یوریا کی سربراہی میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔ راشن کارڈس کی تقسیم کے علاوہ پرائمری ہیلت سنٹرس میں طبی سہولتوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ اسپیشل چیف سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اروند کمار نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ چند دنوں تک ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیزاسٹر ٹیموں سے ربط میں رہیں۔ سکریٹری آبپاشی راہول بوجا نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس اور تالابوں کی سطح آب پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ اجلاس میں سکریٹری بلدی نظم و نسق ایلمبرتی ، سکریٹری قبائلی بہبود کے شرد ، کمشنر ایکسائز ہری کرن ، رکن پولیوشن کنٹرول بورڈ روی، ڈائرکٹر فائر سرویسز جی وی نارائنا اور کمشنر فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ششانگ نے شرکت کی۔1