اضلاع میں شدید بارش ‘ عثمان ساگر و حمایت ساگر سے پانی کا اخراج

   

عثمان ساگر کے 3 اور حمایت ساگر کے 2 دروازے کھولے گئے ۔ موسی ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ‘ عوام میں اندیشے
حیدرآباد ۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ 4 دنوں تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ آج ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی ہے بالخصوص رنگاریڈی میں بارش سے بڑے پیمانے پر پانی شہر کے جڑواں ذخیرہ آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں تیزی سے جمع ہو رہا ہے جس کے پیش نظر حکام نے عثمان ساگر کے 3 اور حمایت ساگر کے 2 دروازے کھول کر پانی کا اخراج شروع کردیا ہیں ۔ موسیٰ ندی میں دوبارہ پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس تناظر میں موسیٰ ندی کے اطراف مقیم عوام میں ایک مرتبہ پھر ڈر و خوف دیکھا جارہا ہے۔ عثمان ساگر میں 100 کیوسکس پانی جمع ہو رہا ہے اور عہدیداروں کی جانب سے 3 دروازے ایک فیٹ اٹھاکر 920 کیوسکس پانی جاری کیا گیا ہے۔ حمایت ساگر میں 2 دروازے 3 فیٹ کھول کر 1017 کیوسکس پانی جاری کیا جارہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بارش کا سلسلہ جاری رہا تو مزید دروازے کھولے جائیں گی ۔ حیدرآباد واٹر ورکس کے حکام نے بتایا کہ دونوں ذخائر آب میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے پر رات دیر تک موسیٰ ندی میں 5000 کیوسکس پانی چھوڑنے کے امکانات ہیں۔ حکام نے موسیٰ ندی کے کنارہ مقیم عوام کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بالخصوص لنگر حوض، پرانا پل، چادر گھاٹ، عنبرپیٹ، چیتنیا پوری و دیگر علاقوں کے عوام کو احتیاط کا مشورہ دیا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل موسیٰ ندی میں سیلاب کا پانی چھوڑنے سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا تھا اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن عارضی طور پر عوام کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے دروازے کھولنے کے بعد ان علاقوں میں مقیم عوام میں ڈر و خوف دیکھا جارہا ہے۔ آج ہفتہ کو اضلاع عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، بھوپال پلی، ملگ، کتہ گوڑم، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، سدی پیٹ، یادادری بھونگیر، حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل ملکاجگری، وقار آباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی، محبوب نگر، کرنول میں کہیں زیادہ کہیں کم بارش ہوئی۔ اتوار کو ریاست کے مختلف اضلاع میں تیز ہوا گرج اور چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ پیر کو عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، بھوپال پلی، ملگ، کتہ گوڑم، کھمم، سوریہ پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، سدی پیٹ، بھونگیر، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل، ملکاجگری، وقار آباد، سنگاریڈی، میدک، کاماریڈی میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ 2