اضلاع میں صفائی کے بہترین انتظامات کی کلکٹرس کو ہدایت

   

نئی بلدیات میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے منصوبہ بندی کیلئے کے ٹی راما راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔15اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں منظم حکمت عملی تیار کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کریں تاکہ صفائی کے انتظامات کو بڑے پیمانے پر شروع کیا جاسکے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ریاست کے تمام اضلاع میں بہتر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ڈمپنگ یارڈ (کچہرادان) جہاں شہر کا کچہرا جمع کیاجاسکے اراضیات کی نشاندہی کریں۔اس اجلاس میں مسٹر کے ٹی راما راؤ کے ہمراہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار‘ مسٹر دانا کشور کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے نئی بلدیات میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی ہدایت دیتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو اسٹریٹ لائٹس نظام کو بہتر بنانے اور ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کے علاوہ سڑکوں کی مرمت اور آبرسانی کے امور کے متعلق رپورٹ تیار کرتے ہوئے انہیں پیش کرنے کی تاکید کی ۔انہو ںنے ریاست کی تمام بلدیا ت میں کچہرے کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں درکار ضرورتوں کی فہرست تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کرنے اور سوچھ تلنگانہ منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت دی۔ویڈیو کانفرنس کے دوران مسٹر کے ٹی راما راؤ کو ضلع کلکٹرس نے اپنے اضلاع کو درپیش مسائل سے واقف کرواتے ہوئے انہیں حل کرنے کی تجاویز پیش کی جس پر ریاستی وزیر نے ممکنہ اقدامات کا تیقن دیتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کو ہدایت دی کہ وہ ان امور کا جائزہ لیتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں جامع رپورٹ کی تیاری عمل میں لائیں اور حکومت کو پیش کرتے ہوئے عمل آوری کے سلسلہ میں درکار اقدامات کو یقینی بنائیں۔مسٹر کے ٹی راماراؤ کے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس کا شہر حیدرآباد میں موجود کچہرے کے انبار پر کیا اثر ہوگا اس کااندازہ لگانا دشوار ہے کیونکہ گذشتہ ایک ہفتہ سے شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر کچہرے کے انبار کی متعدد ذرائع سے شکایات ان تک پہنچائی جاچکی ہیں لیکن اب بھی شہر میں وہی صورتحال برقرار ہے۔