حیدرآباد۔ اضلاع میں کورونا کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ شادیوں کی تقاریب بتائی جا رہی ہیں ۔ کہا جار ہاہے کہ اضلاع میں 200تا300 افراد کی دعوتوں کا اہتمام کیا جا رہاہے ۔ شادیوں کیلئے مضافاتی علاقوں میں فارم ہاؤز یا گیسٹ ہاؤز کا انتخاب کرکے اور مدعوین کو پتہ دیا جانے لگا ہے۔ مدعوئین کی تعداد میں کمی ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے ۔ اضلاع میں رہنمایانہ اصولوں کی خلاف ورز ی کرکے تقاریب کے شرکاء کورونا پھیلاؤ کا موجب بن رہے ہیں لیکن ان کو روکنے میں پہل نہیں کی جا رہی ہے ۔شہر میں لاک ڈاؤن میں رعایت کے ساتھ شادیوں کا اہتمام ہو رہا تھا لیکن جیسے جیسے کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا شادیوں کا اہتمام بھی کم ہوتا چلا گیا لیکن اب جبکہ اضلاع میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے تو اس کی وجوہات کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ احتیاط کے بغیر تقاریب کا اہتمام کورونا کے پھیلاؤکا اہم سبب بن رہا ہے علاوہ ازیں کرناٹک اور مہاراشٹرا سے روزانہ کے اساس پر تجارتی مقاصد کیلئے سرحد عبور کرنے والوں سے بھی وباء پھیلنے کا خدشہ ہے۔
