اضلاع میں کورونا وائرس کے شبہ پر زبردست ہلچل

   

ضلع محبوب آباد میں ایک اور ضلع عادل آباد میں ایک مریض کے متاثر ہونے کی اطلاعات

حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور ریاستی حکومت ریاست میں کورونا وائرس کے کسی بھی صورت میں امکانی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ اس کے باوجود اضلاع میں بھی بعض افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع پائی جارہی ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق ضلع محبوب آباد میں کورونا وائرس کے شبہ سے زبردست ہلچل پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ہفتہ قبل لندن سے اپنے آبائی مقام بیارم پہنچنے والے ایک نوجوان میں کورونا وائرس کے آثار دکھائی دیئے اور خود ڈاکٹروں نے بھی نوجوان کی حالت کو دیکھتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا اظہار کیا۔ اس متاثرہ نوجوان کو فوری طور پر محبوب آباد ایریا ہاسپٹل روانہ کرکے السیویشن وارڈ میں شریک کرکے متاثرہ نوجوان کو طبی امداد بہم پہنچائی جارہی ہے اور نوجوان کے ٹسٹس نمونے حاصل کرکے رپورٹس کیلئے روانہ کردیئے گئے ہیں اور رپورٹس کی وصولی کے فوری بعد ضروری اقدامات کئے جانے کا امکان پایا جاتا ہے ۔ اسی دوران ضلع عادل آباد کے اندرویلی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس کے آثار دکھائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرویلی کے ایک شخص میں کورونا وائرس کے آثار دکھائی دینے کے نتیجہ میں مقامی عوام زبردست تشویش سے دوچار ہوگئے جبکہ متاثرہ شخص کچھ دن قبل پونے (مہاراشٹرا ) جاکر اپنے آبائی موضع کو واپس ہوا تھا اور پونے سے واپسی کے بعد سے متاثرہ شخص شدید کھانسی، زکام اور بخار وغیرہ سے متاثر ہے جس کے نتیجہ میں فوری طور پر اس شخص کے مختلف ٹسٹس کروانے اور علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کردینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔