اضلاع میں 19 ڈائگناسٹک سنٹرس سے امراض کی تشخیص میں مدد

   

حکومت کو عہدیداروںکی رپورٹ، 57 مختلف معائنے مفت کئے جارہے ہیں
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے 19 اضلاع میں قائم کردہ عصری ڈائگناسٹک سنٹرس کے غیر معمولی حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عصری سہولتوں سے آراستہ ڈائگناسٹک سنٹرس میں روزانہ 500 تا 600 مختلف ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے عوام کیلئے 57 مختلف ٹسٹوں کے مفت اہتمام کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں نے ڈائگناسٹک سنٹر کے بارے میں حکومت کے رپورٹ پیش کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں امراض سے متعلق شعور بیداری میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈائگناسٹک سنٹرس دیہی علاقوں میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی میں اہم سنگ میل ہے۔ اگر ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کی سہولتیں فراہم کی گئیں تو عوام کو متعلقہ ضلع میں علاج کی بہتر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ عام طور پر دیہی علاقوں کے عوام کو معائنہ کیلئے شہری علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے لیکن اب انہیں ضلع ہیڈ کوارٹر پر کئی اہم معائنوں کی سہولتوں حاصل ہوچکی ہیں ۔ ڈائگناسٹک سنٹرس کے علاوہ پرائمری ہیلت سنٹرس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ سرکاری دواخانوں اور پرائمری ہیلت سنٹرس سے سیمپل حاصل کرتے ہوئے اندرون 24 گھنٹے رپورٹ جاری کی جارہی ہے۔ ریاست میں سرکاری سطح پر چلنے والے ڈائگناسٹک سنٹرس کی تعداد 35 ہوچکی ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈائگناسٹک سنٹرس کے قیام کے بعد سے معائنہ کیلئے عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ کئی ایسے افراد جنہوں نے خود کو صحت مند تصور کرتے ہوئے آج تک کوئی ٹسٹ نہیں کرایا تھا، وہ بھی پرائمری ہیلت سنٹرس سے رجوع ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ معائنوں کی صورت میں امراض کے بروقت پتہ چلانے میں مدد ملی ہے ۔ کورونا وباء کی جاریہ لہر کے دوران مختلف عوارض کا شکار افراد کے لئے ڈائگناسٹک سنٹرس کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلعی عہدیداروںکو ہدایت دی ہے کہ ڈائگناسٹک سنٹرس سے زیادہ سے زیادہ عوام کو سہولتیں پہنچائی جائے ۔