30 تا 40 کیلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ خلیج بنگال میں موسمی تبدیلیوں کا اثر
حیدرآباد 3 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ ابھی آئندہ دو یوم تک رکنے کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات سے جاری انتباہ میں کہاگیا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو یوم میں30 تا40 کیلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور کئی مقامات پر بارش کا امکان اب بھی برقرار ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ دویوم یعنی 5 ستمبر تک ریاست کے بیشتر اضلاع و دونوں شہر وں حیدرآباد وسکندرآباد اور نواحی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے کیونکہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب بارشوں کا اثر تلنگانہ کے مشرقی حصہ میں دیکھا جائے گا اور اس کے نتیجہ میں شہر کے علاوہ دیگر علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بھی اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی آندھراپردیش میں گذشتہ چند یوم سے جاری مسلسل بارش اور سیلاب کی صورتحال کے بعد آج شہر حیدرآباد کے آسمان میں سورج نمودار ہوا ۔ دونوں شہرو ں میں آج دن بھر موسم خشک رہا لیکن سہ پہر کے بعد مطلع ابرآلود ہونے کے سبب بارش کے امکانات نظر آرہے تھے ۔ محکمہ موسمیات نے منگل کی شام کے بعد بارشوں کے معمول میں کمی کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ بہتری کی توقع ہے لیکن اگر خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثرات اطراف کے اضلاع میں محسوس کئے جاتے ہیں تو اس کا اثر شہر کے موسم پر بھی ہوگا۔خانگی ماہرین کے مطابق شہر میں آئندہ دویوم میںبھی ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور اگر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو ذخائر آب کی سطح میں اضافہ اور ان سے پانی کے اخراج کا سلسلہ شروع ہوگا۔3