وباء پر قابو پانے محکمہ صحت کی جانب سے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔16 جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع کے جن دواخانو ںمیں کورونا وائرس کے متاثرین کی توثیق ہوئی ہے ان دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے عملہ کے علاوہ رجوع ہونے والے مریضو ں کے بھی کورونا وائرس معائنے کئے جائیں گے ۔ محکمہ صحت نے عثمانیہ میڈیکل کالج کے پی جی ڈاکٹرس جن دواخانو ںمیں خدمات انجام دیا کرتے تھے ان دواخانوں میں موجود تمام افراد بشمول مریضوں کے کورونا وائرس معائنے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دواخانو ںمیں طبی عملہ کے متاثر ہونے اور مریضوں میں کورونا وائرس منتقل ہونے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان تمام دواخانوں میں موجود عملہ اور مریضوں کے کورونا وائرس معائنے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق ہوئی ہے۔ شہر حیدرآباد میں سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس کی توثیق کے بعد سرکاری ملازمین کی جانب سے بھی تمام افراد کے کورونا وائرس معائنے کرنے کے مطالبہ کے پیش نظر کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے سیکریٹریٹ کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے بھی کورونا وائرس معائنوں کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جائیں گے تاکہ متاثرین کو فوری قرنطینہ کیا جاسکے یا انہیں بہتر علاج کی ضرورت کی صورت میں قبل از وقت دواخانہ سے رجوع کیاجاسکے ۔ سرکاری دفاتر اور دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے بعد سرکاری ملازمین اور طبی عملہ میں خوف و دہشت کی لہر پیدا ہوچکی ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے کورونا وائرس معائنوں کے سلسلہ میں احکامات کے بعد ریاست کے بیشتر تمام سرکاری دفاتر میں خدمات انجام دینے والوں کے کورونا وائرس معائنوں کو یقینی بنائے جانے کا امکان ہے۔ سرکاری دواخانوں میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں دواخانہ عثمانیہ ‘ پیٹلہ برج زچگی خانہ ‘ نمس ہاسپٹل کے علاوہ کونڈاپور ایریا ہاسپٹل ہے جہاں تمام عملہ کے کورونا وائرس معائنوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ پیٹلہ برج زچگی خانہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی توثیق کے بعد انجام دیئے جانے والے معائنوں کے دوران 34 مریض پائے گئے جبکہ نمس ہاسپٹل میں سینیئر ڈاکٹر کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے۔ کونڈا پورایریا ہاسپٹل میں ڈاکٹر کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد کئے گئے معائنوں کے دوران 14 افراد کو کورونا وائرس کی توثیق ہوچکی ہے۔
