اظہر الدین حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر منتخب

   

حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہرالدین کیلئے آج ایک نئی اننگز کا آغاز ہوا جیسا کہ وہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ ایچ سی اے کے صدر کیلئے آج انتخابات منعقد ہوئے تھے جہاں اظہرالدین نے اپنے حریف پرکاش چند جین کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ اظہرالدین کو جہاں 173 ووٹ حاصل ہوئے وہیں پرکاش کو صرف 73 ووٹ ہی حاصل ہوئے ہیں۔ اظہرالدین کیلئے یہ کامیابی کرکٹ انتظامیہ میں داخلہ کی سیڑھی ثابت ہوئی ہے۔ 56 سالہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہرالدین جنہوں نے 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے گذشتہ مرتبہ بھی ایچ سی اے کے صدر کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کی تھی لیکن اسپاٹ فکسنگ تنازعہ کی وجہ سے انہیں صدارتی انتخابات کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ مرادآباد کے سابق رکن پارلیمنٹ اظہرالدین کے نام ٹسٹ کرکٹ میں متواتر تین سنچریاں اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ ہونے کے علاوہ انہوں نے انگلینڈ، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف 1990ء کے دہے میں گھریلو سیریزوں میں فتوحات حاصل کی تھی۔ اپنے وقت کے بہترین بیٹسمین اور کامیاب ترین کپتانوں میں شمار ہونے والے اظہرالدین کے ایچ سی اے کے صدر منتخب ہونے کے بعد حیدرآبادی کرکٹ میں ترقی کی امید کی جارہی ہے۔