اظہر الدین سمیت 3 افراد کیخلاف دھوکہ دہی کا معاملہ درج

   

اورنگ آباد۔ 23 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین سمیت تین لوگوں کے خلاف 20.96 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کے معاملہ میں مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں رپورٹ درج کی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اظہر الدین کیخلاف یہ معاملہ دانش ٹورس اینڈ ٹراویلس ایجنسی کی شکایت پر درج کی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ایجنسی کے مالک اور اورنگ آباد کے لیبر کالونی رہائشی محمد شہاب محمد یعقوب (49) نے چہارشنبہ کی شب یہ شکایت درج کرائی۔پولیس کے مطابق اورنگ آباد رہائشی اور اظہر الدین کے پرائیویٹ سکریٹری ماجد خان نے نومبر 2019 ء میں دانش ٹورس اینڈ ٹراویلس سے کیرالہ رہائشی سدیش اوککل اور آندھرا پردیش رہائشی محمد اظہر الدین کیلئے ممبئی سے دبئی ہوتے ہوئے پیرس اور ممبئی سے پیرس ہوتے ہوئے دبئی کا ٹکٹ بک کرایا تھا۔شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اس کے لئے ماجد خان نے چیک جاری کیا تھا۔ شہاب نے جب ماجد سے کرایہ کی ادائیگی کرنے کو کہا تو انہوں نے بار بار ٹالنے کی کوشش کی۔پولیس نے شہاب کی شکایت کے بعد تین افراد کے خلاف رپورٹ درج کر کے معاملہ کی تفتیش شروع کردی ہے ۔