اظہر الدین کا عدالت سے رجوع ہونے کا اعلان

   

حیدرآباد : سابق کپتان محمد اظہرالدین نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے اْس حکم کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے نارتھ اسٹینڈ سے اْن کا نام ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس وی ایشوریا، جو ایچ سی اے کے ایتھکس آفیسر بھی ہیں، نے یہ فیصلہ لارڈزکرکٹ کلب کی جانب سے دائر کردہ ایک درخواست کی بنیاد پر دیا، جو ایچ سی اے کا رکن یونٹ ہے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اظہرالدین نے بطور ایچ سی اے صدر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کئی من مانے فیصلے کیے۔درخواست گزار کے مطابق اظہرالدین نے دسمبر 2019 میں ایچ سی اے کے صدر بننے کے صرف ایک ماہ بعد، ایکسپیکس کونسل کے اجلاس میں شرکت کر کے نارتھ اسٹینڈ کو اپنے نام سے منسوب کروانے کی قرارداد منظور کروائی، جو ایسوسی ایشن کے قواعد کی خلاف ورزی تھی۔ اظہرالدین، جنہوں نے ہندوستان کی جانب سے 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے میچز کھیلے، اب عدالت سے اس حکم پر عمل درآمد رکوانے کے لیے حکمِ امتناعی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔