اظہر الدین کے کونسل کیلئے انتخاب کی راہ ہموار

   

Ferty9 Clinic

کویتا کے استعفی سے ایک نشست خالی ۔ کانگریس امیدوار بناسکتی ہے
حیدرآباد 8 جنوری(سیاست نیوز) محترمہ کے کویتا صدر تلنگانہ جاگرتی کے تلنگانہ قانون ساز کونسل سے استعفیٰ قبول کرلئے جانے کے بعد وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد اظہر الدین کو اندرون 6 ماہ کونسل کی رکنیت کی فراہمی کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ بتایا گیا کہ نظام آباد ادارہ جات مقامی سے سابق رکن کونسل کے کویتا کا استعفیٰ قبول کئے جانے کے بعد اب جبکہ ریاست میں شہری بلدیات کے انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور آئندہ ماہ کے اواخر تک اس عمل کو مکمل کرلئے جانے کے امکانات ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ شہری بلدیات میں نظام آبادبلدیہ سے بلدی نشست کے مخلوعہ ہونے کے سبب مارچ کے اواخر یا اپریل کے اوائل میں جناب محمد اظہر الدین کو کانگریس امیدوار بناکر کونسل کے لئے منتخب کرواسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق 2023 اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد اظہر الدین نے حلقہ اسمبلی کاماریڈی سے مقابلہ کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور انہوں نے کاماریڈی کا دورہ کرکے دعویداری بھی پیش کی تھی لیکن سابق چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے کاماریڈی سے مقابلہ کے اعلان پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کاماریڈی میں مقابلہ کیا تھا ۔ قوانین کے مطابق محمد اظہر الدین کو اپریل 2026 سے قبل اسمبلی یا کونسل کی رکنیت حاصل کرنا لازمی ہے اور انہیں وزارت کا حلف دلائے جانے سے قبل ان کا نام گورنر کوٹہ میں کونسل کیلئے پیش کیا جاچکا ہے لیکن یہ مسئلہ اب بھی التواء کا شکار ہے جس پر ان کی وزارت کو خطرات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا لیکن اب جبکہ کویتا کی نشست خالی ہوچکی ہے تو کانگریس انہیں نظام آباد سے مقابلہ کرواتے ہوئے کونسل کیلئے منتخب کرواسکتی ہے ۔ 3