اظہر علی کو ٹسٹ کپتان بنانے کا فیصلہ

   

لاہور۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ٹوئنٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کو نمبر ون بنانے کا صلہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ملنے کا امکان ہے اور ان کے پی سی بی کیساتھ ہیڈ کوچ کے معاہدے میں ورلڈکپ ٹی 20 تک توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ سرفراز احمدکو ون ڈے اور ٹی 20 میں کپتان برقرار رکھا جائیگا لیکن ٹسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کے حوالے کی جائے گی اور بابر اعظم کو تینوں ٹیموں میں نائب کپتان بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہیڈ کوچ اور ٹسٹ کپتان کیلئے ابتدائی مشاورت کے بعد سرفراز احمد کی جگہ اظہر علی کو دوبارہ ٹسٹ کپتان بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کی جائے گی اور ان کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک ٹیم کے ہیڈکوچ رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کا ذمہ داری کم کرنے کیلئے اظہر علی کو ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنانے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ سرفرازا حمد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے کپتان برقرار رہیں گے جبکہ بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ میں نائب کپتان مقرر کیا جائے گا تاکہ انہیں تجربہ حاصل ہو اور وقت پڑنے پر وہ ٹیم کی قیادت سنبھال سکیں۔