حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹی 16 ونٹر لیگ ٹورنمنٹ کے دوسرے سیزن میں سن نیٹ آل ویز پروفیشنل کے جارحانہ اوپنر اعجازاحمد نے برق رفتار سنچری اسکور کرتے ہوئے آر پی رائیلز کے خلاف مقررہ 16 اوورس میں مطلوبہ نشانہ 165 کو آسان کردیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آر پی رائیلز نے فیروزکی نصف سنچری (70) کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 164/8 کا ہمالیائی اسکور بنایا۔ سن نیٹ کیلئے کپتان حسن نے 4 اوورس کے کوٹہ میں 20 رنز دیکر 2 وکٹوں کی کامیاب بولنگ کی جبکہ مجیب نے27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جوابی اننگز میں مین آف دی میچ اعجاز نے 44 گیندوں میں10 چوکوں اور9 چھکوں کی مدد سے برق رفتار اور ناقابل تسخیر 111 رنز اسکور کئے جن کے ساتھ مجیب نے 26 گیندوں میں 35 رنز کا ساتھ دیا اور سن نیٹ نے 12.4 اوورس میں 2 وکٹوں پر مطلوبہ نشانہ 165 حاصل کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ سن نیٹ ٹیم 6 ٹیموں کے اس ٹورنمنٹ میں 3 مقابلوں میں شرکت کے بعد 2 فتوحات کے ذریعہ تیسرے مقام پرفائزہوگئی ہے۔ دریں اثناء محمد اکثم (عامر) کی زیرقیادت صفا الیون نے ابتدائی تینوں مقابلوں میں ناقابل شکست رہتے ہوئے بدستور پہلے مقام پر اپنی حکمرانی برقرار رکھی ہے۔ دفاعی چمپئن ویروگاروداس 2 فتوحات کے بعد بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے مقام پر ہے۔ یادرہے کہ راؤنڈ رابن پر کھیلے جارہے اس ٹورنمنٹ کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔
