اعظم خان سے 8اکتوبر کو اکھلیش یادو کی ملاقات

,

   

رہائی کے 15دن بعد،مایاوتی کی مجوزہ ریالی سے ایک دن قبل میٹنگ!

لکھنؤ۔25 ؍ستمبر ( ایجنسیز )سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو8اکتوبر کو اعظم خان سے ملاقات کرنے والے ہیں ۔اعظم خان کی سیتا پور جیل سے رہائی کے 15دن بعد اور 9 اکتوبر کو لکھنؤ میں بہوجن سماج پارٹی کی قومی صدر مایاوتی کی ریالی سے ایک دن پہلے 8اس ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق23 ماہ بعد سیتا پور جیل سے رہائی کے بعد سے اب تک سماج وادی پارٹی کے کسی بھی سینئر لیڈر نے اعظم خان سے ملاقات نہیں کی ہے۔9 اکتوبر کو بہوجن سماج پارٹی کے قومی صدر بی ایس پی کے بانی آنجہانی کانشی رام کی برسی پر ایک ریالی کے ساتھ، ریاستی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کو بڑھانے کیلئے مشن 2027 کا آغاز کریں گے۔ مایاوتی نے پارٹی کارکنوں کو اس کیلئیتیاریاں کرنے کی ہدایت دی ہے۔دریں اثنا، سمجھا جاتا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ان افواہوں کو ختم کرنے کیلئے رام پور کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ اعظم خان بی ایس پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ تاہم اکھلیش یادو اور اعظم خان دونوں نے بعد ازاں بی ایس پی میں شامل ہونے کے امکان سے انکار کیا ہے۔اعظم خان کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ جب پارٹی اقتدار میں آئے گی تو لیڈر کے خلاف مقدمات واپس لے لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات دائر کرنے والوں نے بھی جان لیا ہے کہ ہر جھوٹ کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور ہر سازش کی بھی ایک انتہا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہبی جے پی ان لوگوں کو کبھی منظور نہیں کرتی جو سماجی ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ اعظم خان صاحب ایک بار پھر پسماندہ اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، بی جے پی اور ان کے اتحادیوں کے ذریعہ عوام پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ اعظم خان کے بی ایس پی میں شامل ہونے کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ اعظم خان سماج وادی پارٹی کے بانی نیتا جی کے ساتھ ہیں اور ہمارے ساتھ ہیں۔ اعظم خان نے کہا ہے کہ انہوں نے 23 ماہ جیل میں گزارے، کسی سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی جیل کے اندر رابطہ کیلئے موبائل فون تھا۔