اعظم خان نے مولانا محمد علی جوہرٹرسٹ سے استعفیٰ دیا

   

رامپور23جنوری(یواین آئی) سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما محمد اعظم خان نے اپنے ڈریم پروجیکٹ مولانا محمد علی جوہرٹرسٹ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ یہ ٹرسٹ جوہر یونیورسٹی اور رامپور پبلک اسکول سمیت کئی تعلیمی ادارے چلاتا ہے ۔ اعظم خان کی مسلسل قید کے باعث ٹرسٹ کے کام کاج میں رکاوٹ آ رہی تھی۔ اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور چھوٹے بیٹے عبداللہ اعظم نے بھی ٹرسٹ کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیا ہے ۔ ٹرسٹ میں نئی ذمہ داریوں کے تحت اعظم خان کی بہن نکہت اخلاق کو چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ ان کے بڑے بیٹے ادیب اعظم کو سکریٹری بنایا گیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی ایم ایل اے نصیر احمد خان کو جوائنٹ سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے ، جبکہ مشتاق احمد صدیقی اور جاوید الرحمن خان کو بالترتیب نائب صدر اورخازن مقرر کیا گیا ہے ۔