نئی دہلی: سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی اعظم خان کی طبیعت ناساز ہوگئی، جس کے بعد انہیں ہفتہ کو دیر رات گئے دہلی کے سر گنگا رام ہاسپٹل میں علاج کیلئے شریک کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اعظم خان کو سانس لینے میں پریشانی ہورہی تھی۔ اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم اپنے والد کو ہاسپٹل لیکر پہنچے، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ جیل سے آنے کے بعد اعظم خان کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ اعظم خان کے کئی ٹسٹ کئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ایس پی ایم ایل اے 27 ماہ سے سیتا پور جیل میں قید تھے۔ بی جے پی حکومت کے دوران ان کے خلاف 90 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ فی الحال وہ سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت منظور ہونے کے بعد سیتا پور جیل سے رہا ہوئے ہیں۔