لکھنو : سینئر سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو نشانہ بنانے والے آئی اے ایس عہدیدار انجنیا کمار سنگھ کو مرکزی حکومت نے ایک سال کی توسیع دی ہے اور ان کی خدمات اترپردیش ہی میں برقرار رکھی ہیں۔ 2005 کے سکم کیڈر بیاچ سے تعلق رکھنے والے انجنیا کمار سنگھ 16 فبروری کو اپنی معیاد کی تکمیل کے وقت مرادآباد کے کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ ذرائع نے کہا کہ عہدیدار نے اپنی خدمات میں توسیع کی درخواست دی تھی جسے محکمہ پرسونل و ٹریننگ نے کل منظوری دیدی ۔ بین ریاستی ڈیپوٹیشن پر انہیں 2015 میں اترپردیش بھیجا گیا تھا ۔ پہلے انہیںاسپیشل سکریٹری آبپاشی و آبی وسائل بنایا گیا تھا اور 2016 میں ضلع مجسٹریٹ بلند شہر بنایا گیا تھا ۔ 2021 میں وہ کمشنر مرادآباد بنائے گئے تھے ۔ انہوں نے رامپور ضلع مجسٹریٹ کی حیثیت سے بھی کام کیا اور یہیں انہوں نے اعظم خان اور ان کے افراد خاندان کے خلاف کئی مقدمات کے اندراج کو یقینی بنایا ۔