اعظم خان کی آج سیتا پور جیل سے رہائی

,

   

رام پور؍سیتا پور۔22؍ستمبر ( ایجنسیز )سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کل صبح سیتا پور جیل سے رہائی پائیں گے۔ اعظم خان تقریباً 23 ماہ سے سیتا پور جیل میں قید تھے۔ جیل انتظامیہ نے ان کی رہائی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی رہائی منگل کی صبح 7 بجے کے قریب متوقع ہے۔رہائی کے فوراً بعد اعظم خان سیدھے رام پور جائیں گے، جہاں پارٹی کارکنان اور حامی اُن کا استقبال کریں گے۔ جیل انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ رہائی پرامن ماحول میں ہو۔اعظم خان کے وکیل زبیر احمد خان نے بتایا کہ محمد اعظم خان کی عدالتوں میں تقریباً 55 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں جبکہ دیگر درخواستیں مختلف عدالتوں کو بھیجی گئی ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر پر زمین پر قبضے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر مقدمات درج ہیں۔ ان میں سے بعض معاملات میں اُنہیں الہ آباد ہائیکورٹ سے ضمانت مل چکی ہے، لیکن دیگر مقدمات کی قانونی کارروائی جاری ہے۔حال ہی میں ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ نے سیتا پور جیل میں ان کی صحت کے بارے میں تشویش ظاہر کی تھی اور ان کے پسندیدہ دسہری آم بھی لے کر گئیں۔ اس کے علاوہ ان کے بیٹے عبداللہ اعظم بھی جیل میں ملاقات کے لیے گئے اور ادویات و کھانے کے انتظامات کیے۔ ملاقات کے دوران زیادہ تر گفتگو خاندانی اور قانونی امور پر مرکوز رہی۔