رام پور: یوپی انتظامیہ نے ہفتہ کو سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر، اعظم خان کی جوہر یونیورسٹی میں دشمن جائیداد قرار دی گئی زمین پر بنی دو عمارتوں کو سیل کرنے کی کارروائی کی۔ رپورٹ کے مطابق خالی کرانے کے لیے دیے گئے وقت کی تکمیل کے بعد اہلکار پولیس فورس کے ساتھ احاطے میں پہنچے اور یہ کارروائی انجام دی۔ الزام ہے کہ یہ عمارت جوہر یونیورسٹی میں نگران (کسٹوڈین) کی زمین پر ناجائز قبضہ کر کے تعمیر کی گئی تھی۔واضح رہے کہ حال ہی میں ہائی کورٹ کے حکم پر جوہر یونیورسٹی میں ’کسٹوڈین آف اینمی پراپرٹی ‘ یعنی دشمن جائیداد کے نگران نے پیمائش کرائی تھی۔ محکمہ ریونیو نے جوہر یونیورسٹی کیمپس میں واقع 13.8 ہیکٹر دشمن جائیداد کی پیمائش کر کے اسے کسٹوڈین کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ ایس ڈی ایم صدر مونیکا سنگھ نے 25 جولائی کو خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔