اعظم خان کی درخواست مسترد ووٹ دینے کا بھی حق نہیں

   

پریاگ راج : نفرت انگیز تقریر کیس میں سماج وادی پارٹی کے سینئر قائد اعظم خان کی درخواست کو الہ آباد ہائیکورٹ نے خارج کردیا ہے ۔ اعظم خان نے ہائیکورٹ میں 2019 ء کے مقدمہ کی سماعت پر روک لگانے کیلئے درخواست دائر کی تھی ۔اعظم خان کو جمعرات کو بڑا جھٹکہ لگا۔ اب اعظم خان ووٹ بھی نہیں ڈال سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے ان کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 16 کے تحت یہ کارروائی کی ہے۔ رامپور صدر سیٹ کے ضمنی الیکشن میں بی جے پی کے امیدوار آکاش سکسینہ نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی مختلف دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے اعظم خان کا حق رائے دہی کا اختیار چھیننے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔