اعظم خان کی مشکلات میں اضافہ، بیٹے عبداللہ کو بھی عدالتی جھٹکا

   

میں خود سے نالاں ہوں، میرے خلاف 113 مقدمات ابھی باقی ہیں : اعظم خان

رام پور۔ 7 اکٹوبر (ایجنسیز)سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے لیے مشکلات ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں۔ سپریم کورٹ نے عبداللہ اعظم کے دو پیان کارڈ کے معاملے میں اعظم خان کی عرضی خارج کر دی ہے، جس کے بعد اب کیس کی سماعت رام پور کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اعظم خان کا خاندان نچلی عدالت میں اس مقدمے کی سماعت رکوانا چاہتا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد اعظم خان کے لیے قانونی پیچیدگیاں مزید بڑھ سکتی ہیں۔عدالت سے مایوس اعظم خان نے کہا،’’میں خود سے نالاں ہوں، میں ایک مجرم ہوں، میرے خلاف متعدد مقدمات ہیں۔ میں نے کتابیں چوری کرکے یونیورسٹی بنائی لیکن اپنا گھر نہیں بنایا۔ مجھ پر ڈکیتی کا الزام ہے۔ ایک کیس میں مجھے 21 سال قید اور 34 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ 113 مقدمات کے فیصلے ابھی باقی ہیں۔’’ذرائع کے مطابق سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو چہارشنبہ (8 اکتوبر) کو اعظم خان سے ملاقات کیلئے رام پور جائیں گے۔ وہ دوپہر 12:30بجے بریلی ایئرپورٹ سے کار کے ذریعے اعظم خان کی رہائش گاہ پہنچیں گے اور تقریباً ایک گھنٹہ وہاں قیام کریں گے۔سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اکھلیش یادو کی یہ ملاقات پارٹی کے اندر اتحاد کے پیغام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔