رامپور۔ 7 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سیتاپور جیل میں قید،82سے زیادہ مقدمات کا سامنا کررہے رکن پارلیمان و سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سینئر رہنما اعظم خان کے خلاف ہفتہ کو ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق صدر تحصیل کے ریونیو انسپکٹر منوج کمار کی تحریر پر عظیم نگر تھانے میں مسٹر خان کے خلاف پبلک پراپرٹی ڈیمج پرونش ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ الزام ہے کہ محمد علی جوہر ٹرسٹ کے سربراہ و یونیورسٹی وائس چانسلر اعظم خان نے تحصیل صدر کے سینگن کھیڑا گاؤں کی 0.286 ہیکٹئر زمین پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بکری چوری سے لے کر غیر قانونی قبضہ سے سمیت کئی مقدموں کا سامنا کر رہے اعظم خان اس وقت اپنے بیٹے عبداللہ کے فرضی پیدائش سرٹیفکیٹ کے معاملے میں سیتاپور جیل میں قید ہیں۔ان کے ساتھ رکن اسمبلی بیوی تزئین فاطمہ اور عبداللہ اعظم نے بھی اسی الزام میں گذشتہ 26 فروری کو رامپور کی عدلات میں خودسپردگی کی تھی جہاں سے عدالت نے تینوں کو جیل بھیج دیا تھا۔