اعظم خان کے خلاف جعلی کیسس درج کرنے پر اکھلیش یادو کی جانب سے تحقیقاتی پیانل کی تشکیل

   

بلیا (یو پی)۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر رام گوئند چودھری نے اترپردیش چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ پر الزام لگایا کہ سماج وادی ایم پی اعظم خان کے خلاف جعلی کیسس درج کئے ہیں تاکہ ان کو ہراساں کیا جاسکے اور اس کے خلاف ان کی پارٹی اعظم خان کا بھرپور دفاع کرے گی۔ اس دوران اکھلیش یادو نے اعلان کیا کہ وہ 21 ارکان پر مشتمل ایک تحقیقاتی پیانل تشکیل دیئے ہیں تاکہ ان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کی جاسکے۔ رام گوئند چودھری نے کہا کہ 16 سال قبل کے ایک کیس میں ان پر یونیورسٹی کی زمین کو ہڑپ نے کا الزام لگایا ہے جو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک منصوبہ بند طریقہ سے یا دو طبقہ اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایس پی پارٹی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ لجسلیٹیو کونسل میں اپوزیشن لیڈر احمد حسین کی زیر صدارت 21 رکنی پیانل ارکان 20 جولائی کو رام پور کا دورہ کرے گی تاکہ ان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کی جاسکے۔ اعظم خان محمد علی جوہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ بالجبر کسانوں کی زمینات پر قابض ہوچکے تھے اور رام پور انتظامیہ نے ان کے خلاف دو درجن کیسس درج کئے ہیں۔