اعظم خان کے ریمارکس کی مذمت ، معذرت خواہی کا مطالبہ

   

لوک سبھا میں پارٹی خطوط سے قطع نظر خاتون ایم پیز کا اظہار تشویش
نئی دہلی 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر لوک سبھا میں ارکان نے جمعہ کو ایس پی کے اعظم خان کی جانب سے بہار کی ایم پی رما دیوی کے خلاف جنسیت پر مبنی ریمارکس کی مذمت کی اور اُن کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وقفہ صفر کے دوران وزیر پارچہ جات سمرتی ایرانی نے کہاکہ تین طلاق بل پر مباحث کے دوران جمعرات کو لوک سبھا میں اعظم خان کے ریمارکس تمام لیجسلیٹرس بشمول مردوں پر داغ کے مانند ہے۔ سمرتی نے کہاکہ وہ تمام لیجسلیٹرس کے لئے بُری بات ہے، ہم اِس پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتے۔ ہمیں یک آواز میں کہنا ہوگا کہ ایسی باتیں ناقابل قبول ہیں۔ سمرتی کی تائید کرتے ہوئے وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہاکہ اعظم خان معذرت خواہی کریں یا پھر اُنھیں ایوان سے معطل کردیا جائے۔ کئی دیگر خاتون ایم پیز نے اعظم خان کے ریمارکس پر تشویش اور ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسپیکر سے مطالبہ کیاکہ اُن کے خلاف سخت کارروائی کرنا چاہئے۔ اسپیکر اوم برلا نے کہاکہ وہ تمام پارٹیوں کے قائدین کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے کوئی فیصلہ کریں گے۔