اعظم خاں کے ارکان خاندان سے اکھیلیش یادو کی ملاقات

   

بی جے پی حکومت قصداً ایس پی قائدین کو نشانہ بنارہی ہے
رامپور: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رامپور سے رکن پارلیمنٹ اعظم خان گزشتہ ایک سال سے جیل میں بند ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے آج رامپور پہنچ کر اعظم خاں کی اہلیہ ڈاکٹر تزین فاطمہ سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ محمد جوہر یونیورسٹی کیلئے روانہ ہوگئے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھیلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ سماج وادی پارٹی کے قائدین کو نشانہ بنارہی ہے۔ بی جے پی کے قائدین ریاست کی ترقی کو تباہ کررہے ہیں۔ ان لوگوں کو کوئی بھی خوبصورت چیز اچھی نہیں لگ سکتی۔ ہر اچھی چیز کو وہ توڑتے جارہے ہیں۔ بی جے پی قائدین میں تعلیم اور اخلاق کا فقدان ہے۔ اس لئے وہ ہر اچھی چیز کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت جان بوجھ کر سماج وادی پارٹی کے قائدین اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمے لگا رہی ہے۔ اترپردیش کے عوام یوگی حکومت سے بیزار آچکے ہیں اور جس دن انہیں موقع ملے گا وہ اس حکومت کو ہٹا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اعظم خان ہماری پارٹی کے رہنما ہے اس لئے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد جوہر یونیورسٹی کو بچانے کیلئے سیکل یاترا نکالیں گے۔