اعظم علی قتل کیس، دو قاتل گرفتار

   

منصوبہ بند طریقہ سے انتقام ، راجندر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /5 جولائی ( سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس نے 24 سالہ اعظم علی قتل کیس میں ملوث دو قاتلوں کو گرفتار کرلیا 2 جولائی کی رات اعظم علی کا قتل بدلہ لینے کی خاطر کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق اعظم علی کے قتل کیلئے گرفتار قاتل 19 سالہ مجاہد عرف مجو ڈان ساکن کنگ کالونی اور 19 سالہ محمد باقر ساکن شاستری پورم نے سازش تیار کی تھی ۔ اعظم اور مجو ڈان ساتھی تھے اور موٹر سائیکلوں کے سرقہ کی واراداتوں میں ملوث تھے ۔ مئی سال 2022 میں کارخانہ پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار کیا گیا تھا اور اس گرفتاری میں مجو ڈان کو شبہ تھا کہ اعظم علی کی اطلاع پر اسے گرفتار کیا گیا ہے ۔ مجو ڈان کو کم عمری میں موٹر سائیکل کا سرقہ کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا اور آبزرویشن میں رکھا گیا تھا جس کے بعد اس کے والدین نے شاستری پورم سے مقام تبدیل کرتے ہوئے ایم ایم پہاڑی منتقل ہوئے تھے ۔ جہاں مجو ڈان کی دوستی اعظم علی سے ہوئی اور دونوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کا سرقہ شروع کردیا اور گرفتار کرلئے گئے تھے ۔ مجو ڈان جیل سے رہا ہونے کے بعد بدلہ لینے کیلئے بے چین تھا اور اس نے ایک خنجر خریدا اور اپنی سازش میں باقر کو شامل کرلیا ۔ باقر نے اعظم کے قتل کیلئے مجو ڈان کی پیشکش پر راضی ہوگیا اور دونوں نے 2 جولائی کو اعظم کو طلب کیا اور ان کی ملاقات آرام گھر چوراہے پر ہوئی ۔ مقتول اپنی اسکوٹی گاڑی پر آیا تھا ۔جبکہ دو قاتل بس کے ذریعہ آرام گھر پہونچے تھے ۔ تینوں ایک گاڑی پر سوار جنا چیتنیہ وینچر کے سنسان علاقہ میں پہونچے مجو ڈان نے 10 نشیلی گولیاں مانگوڑ بستی سے خریدی تھی ۔ تینوں نے مئے نوشی کی اور مزید شراب پینے کیلئے پیسے دینے اعظم پر زور دیا ۔ تینوں پیسے لانے کیلئے اعظم کے مکان پہونچے اور اعظم گھر سے رقم لے لیا جس کے بعد مندی خریدی گئی اور شراب کی زائد مقدار لیکر واردات کے مقام پہونچے اعظم کو 5 گولیاں دی گئیں اور کثرت سے شراب پلائی گئی جس کے بعد مجو ڈان نے چاقو سے حملہ کیا اور باقر نے پتھر سے ۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ع