اعظم پورہ بلدی ڈیویژن میں وزیر داخلہ کی جانب سے غریبوں میں اناج کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic

عوام لاک ڈائون کی پابندی کریں، سیر و تفریح پر قانونی کارروائی: محمد محمود علی
حیدرآباد۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنے ارکان خاندان کی جانب سے اعظم پورہ بلدی ڈیویژن کے 400 غریب اور ضرورتمند افراد میں اناج تقسیم کیا۔ آج تقسیم کا دوسرا دن تھا کہ جس میں سلم علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں اناج حوالے کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر لاک ڈائون کے نتیجہ میں پریشان حال غریبوں سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ روز مرہ محنت مزدوری کرنے والے اور چھوٹے کاروباری بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت 87 لاکھ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو اناج اور امدادی رقم تقسیم کررہی ہے اس کے باوجود کئی غریب مستحق افراد امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں اور اہل خیر حضرات کو مدد کے لیے آگے آنا چاہئے۔ محمود علی نے کہا کہ لاک ڈائون دراصل کورونا وائرس کو روکنے کا واحد ذریعہ ہے۔ عوام کو لاک ڈائون کی سختی سے پابندی کرنی چاہئے۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور پولیس سے تعاون کریں اور خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔ عمر رسیدہ افراد بطور خاص گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ غریبوں میں اناج کی تقسیم کے وقت سماجی دوری کا مکمل خیال رکھا گیا تھا۔ غریب افراد نے وزیر داخلہ اور ان کے ارکان خاندان کو دعائیں دی۔ اس موقع پر ٹی آر ایس انچارج ملک پیٹ محمد اعظم علی خرم اور یوتھ لیڈر محمد فرقان احمد بھی موجود تھے۔