حیدرآباد۔ اعظم پورہ ڈیویژن کے علاقہ کالا ڈیرا میں آج اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب مجلس بچاؤ تحریک اور بعض مجلسی کارکنوں کے گروپ میں تصادم ہوگیا۔ رائے دہی کے دوران مجلسی کارکنوں کا ایک گروپ کالا ڈیرا علاقہ میں سرگرم تھا اور مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر بوگسنگ کی کوشش کی جارہی تھی جس کا پتہ چلنے پر امجد اللہ خان خالد اور ان کے حامیوں نے مجلسی کارکنوں کو روک دیا جس کے نتیجہ میں دونوں گروپس کے درمیان تصادم ہوگیا۔ حالات کشیدہ ہونے کے نتیجہ میں ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائم شریمتی شیکھا گوئیل جو ایسٹ زون کی انچارج افسر ہیں وہاں پہنچ گئیں اور بھاری پولیس فورس کو بھی وہاں طلب کرلیا۔ کچھ ہی دیر میں حالات پر قابو پالیا گیا۔ رائے دہی کے روز شام 5:45 بجے مجلسی کارکنوں کے ایک گروپ نے امجد اللہ خان خالد کی اہلیہ اسماء خاتون اور ان کے ڈرائیور معین کا شعیب لائبریری پولنگ اسٹیشن پر محاصرہ کرلیا اور ان پر حملہ کیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں دوبارہ کشیدگی پیدا ہوگئی اور بھاری پولیس فورس کو بھی علاقہ میں تعینات کیا گیا۔ حملہ آوروں نے اسماء خاتون کے ڈرائیور معین پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا جس کے نتیجہ میں چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اسماء خاتون نے اعظم پورہ ڈیویژن سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا اور ان کا انتخابی نشان بیاٹ ہے۔