اعظم پورہ و کالا ڈیرہ میں بے قابو بھینسہ نے توڑ پھوڑ کردی

   

حیدرآباد : /26 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ اعظم پورہ اور کالا ڈیرہ میں آج اُس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک مشہور ڈیری فارم کے بھینسہ نے علاقہ میں توڑ پھوڑ کردی ۔ منگل کی شام اعظم پورہ کے ایک ڈیری فارم سے بھینسہ بے قابو ہوکر باہر نکل گیا اور دوڑتا ہوا علاقہ میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے بعض دوکانات میں گھس پڑا ۔ بے قابو بھینسہ کی ہنگامہ آرائی سے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا اور خواتین و بچوں نے جو موٹر سائیکل پر علاقہ سے گزررہے تھے قریبی دوکانات میں پناہ لی ۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک اس جانور نے علاقہ میں ہلچل مچادی۔بعد ازاں ڈیری فارم کے ملازمین نے وٹرنری ڈاکٹرس کی ایک ٹیم کو طلب کرکے اسے بے ہوشی کا انجکشن دیا ۔ اس کے باوجود بھی بھینسہ قابو میں نہیں آیا اور زیرتعمیر عمارت میں گھس پڑا ۔ مقامی عوام نے اس کی حصار بندی کرکے اس پر مسلسل پانی ڈالا ۔ ڈیری فارم کے جانور کی ہلچل کو دیکھنے کئی لوگ جمع ہوگئے جس کے نتیجہ میں ٹریفک جام ہوگئی ۔بے قابو بھینسہ نے اعظم پورہ سے کالے ڈیرے تک سڑکوں پر ہلچل مچائی اور موٹر سائیکلوں کو گرادیا اور ایک میڈیکل شاپ میں بھی داخل ہوگیا ۔ مقامی عوام نے چادر گھاٹ پولیس کو طلب کرلیا تھا لیکن پولیس پٹرولنگ ٹیم بھی اس پر قابو پانے میں ناکام رہی ۔ تقریباً 3 گھنٹے کی کوششوں کے بعد ڈیری فارم کا عملہ اس بے قابو بھینسہ پر قابو پانے میں کامیاب ہوا اور بعدازاں اسے باندھ کر ایک بڑے آٹو میں ڈیری فارم منتقل کیا گیا۔