اعلیٰ نمبرات حاصل کرکے والدین کے خوابوں کو پورا کریں

   

گورنمنٹ ہائی اسکول مدنور میں سیاست کوئسچن بنک کی تقسیم، مولانا عبدالعلیم فاروقی و دیگر کا خطاب
بچکنڈہ۔/15 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روز نامہ سیاست کی جانب سے عابد علی خاں ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکول مدنور میں ایس ایس سی تلگو سیکنڈ لینگویج کوئسچن بنک کی تقسیم عمل میں آئی، جس میں مولانا عبدالعلیم فاروقی النور انگلش میڈیم اسکول چیرمین بچکنڈہ ، کلیم پٹیل سینئر اقلیتی قائد بچکنڈہ نے شرکت کی۔ طلباء و طالبات سے مولانا عبدالعلیم فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل و جان سے محنت و جستجو کے ذریعہ رات دن کتابوں کو اپنا اوڑھنا بچھونا بناکر دہم جماعت میں اعلیٰ نمبرات سے کامیابی حاصل کریں، اپنے وقت کو برباد نہ کرتے ہوئے دوسرے کام کاج کو ترک کرتے ہوئے بہتر نتائج کیلئے محنت کریں ، موبائیل فون کا بیجا استعمال نہ کریں، صبح جلد تہجد کے وقت اُٹھ کر پڑھیں ، دسویں جماعت کے امتحانات میں اچھے نشانات سے کامیابی حاصل کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔ دل لگاکر پڑھیں، آپ کی کامیابی سے آپ کے والدین کے خواب پورے ہوں گے۔ جناب کلیم پٹیل نے طلباء وطالبات سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہم جماعت اعلیٰ تعلیم کی پہلی سیڑھی ہے ، علم انسان کی پہچان ہے، مرد پڑھا فرد پڑھا ، عورت پڑھی سارا خاندان پڑھا۔انہوں نے کہا کہ والدین کی خدمت کرکے اپنے آپ کو جنت کا مستحق بنائیں۔ اس موقع پر رپورٹر روز نامہ سیاست حافظ و قاری شیخ محسن، رپورٹر رہنمائے دکن شیخ آصف شاہین ٹیچر کے علاوہ طلباء و طالبات موجود تھے۔