فیضان احمد آئی اے ایس ایڈیشنل کلکٹر ضلع نرمل کی نمائندہ سیاست سے بات چیت
نرمل /21 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تعلیم یافتہ نسل ہی تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے والدین کو چاہئے کہ نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں کوئی لاپرواہی نہ کرے اور نوجوانوں کو چاہئے کہ اعلی سے اعلی عہدوں پر پہونچنے کیلئے کڑی محنت و مشقت کریں ۔ اپنے خاندان اپنے علاقہ کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کا بھی نام روشن ہو ۔ نیند رکھو ہو یا نہ رکھو خو اب معیاری رکھو جستجو اور جنون رکھنے والے نوجوانوں کے کامیابی قدم چومتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار فیضان احمد آئی اے ایس ایڈیشنل کلکٹر ( لوکل باڈیز ) ضلع نرمل نے سیاست اسٹاف رپورٹر نرمل سید جلیل ازہر کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ ابتدائی تعلیم ریاست راجستھان کے کوٹہ علاقہ سے کی بعد ازاں راجستھان یونیورسٹی سے بی ٹیک میکانیکل انجینئیر کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 2018 میں یو پی ایس سی کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ناکام رہے تاہم حوصلہ نہیں ہارا دوبارہ 2019 اور 2020 میں امتحان کی تیاری کرتے ہوئے ملک میں 58 واں رینک حاصل کیا ۔ بعد ازاں ایک سالہ ٹریننگ سدی پیٹ اسسٹنٹ کلکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد یہ میری پہلی پوسٹنگ باقاعدہ ہے جو ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز ) کی حیثیت سے مجھے نرمل ضلع پر تعینات کیا گیا ۔ اس تمام سفر اور منزل مقصود پر اگر میں پہونچا ہوں تو یہ میرے والدین اور اللہ کا شکر ہے کیونکہ میرے خاندان میں دور دور تک کوئی اس عہدہ پر نہیں ہے ۔ والد محترم کوٹہ ریلوے میں اسٹیشن ماسٹر ہے اور میری والدہ محترمہ پوسٹ گریجویٹ ہیں ۔ میں یہ بات پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جس گھر میں تعلیم اور نیک ماں ہو وہ گھر تہذیب اور انسانیت کی یونیورسٹی ہے بلکہ یہ میرا عزم ہے جو والد کی قدر کرتا ہے وہ کبھی غریب نہیں ہوتا اور جو ماں کی قدر کرتا ہے وہ کبھی بدنصیب نہیں ہوتا ۔ اس لئے کے ماں باپ کی دعائیں تسبیح کے دانوں کی طرح ہوتی ہے جو اپنے بچوں کے حق میں ہر وقت ہر پل تسبیح کے دانوں کی طرح چلتی رہتی ہے ۔ اللہ پاک یہ دعا مانگنے والے ہاتھ ہمیشہ سلامت رکھے ۔ آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے میدان میں اپنے آپ کو قف کردیں کسی موڑ پر ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑے تو مایوس نہ ہو ۔ اپنی جدوجہد جاری رکھیں ملک کے آئین پر بھروسہ کریں قابلیت ضرور رنگ لاتی ہے اور اللہ کی ذات پر کامل یقین رکھیں تو تمہیں تمہاری منزل ضرور ملیگی ۔ خود کو بدل دو قسمت خود بدل جائے گی یہ بتانا یہاں بے محل نہ ہوگا کہ فیضان احمد آئی اے ایس جو دنیاوی تعلیم میں تو کافی تجربہ رکھتے ہیں لیکن ان سے گفتگو کے بعد اندازہ ہوا کہ یہ دینی معلومات پر بھی کافی عبور رکھتے ہیں ۔ اس لئے کہ راقم الحرو ف نے ان کی شخصیت کا اندازہ ان کی گفتگو سے لگایا ۔