اغوا شدہ بی فارمیسی کی طالبہ کا پتہ چل گیا

   

لڑکی کی ضلع چتور سے شہر منتقلی، اغوا کاروں کی تلاش جاری
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) حیات نگر سے اغوا کی گئی بی فارمیسی طالبہ کا پتہ چل گیا ہے اور پولیس پڑوسی ریاست سے اس لڑکی کو منتقل کرنے میں جٹ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح کے اولین اوقات حیات نگر سے ایک بی فارمیسی کی طالبہ کا اغؤا کرلیا گیا تھا ۔ رات دیر گئے پولیس نے اس لڑکی کو اونکی ضلع چتور سے شہر واپس منتقل کرلیا ہے اور رات دیر گئے پیٹلہ برج ہاسپٹل میں اس لڑکی کی جانچ کروائی گئی اور پولیس نے اس فارمیسی طالبہ کو نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس لڑکی کا والد کپڑوں کا کاروبار کرتا ہے اور اغوا کار شخص روی نے اس لڑکی کے والد سے دوستی کرلی اور پہلے لڑکی کے متعلق دریافت کرنے کے بعد اس لڑکی کو بہتر ملازمت دلانے کا جھانسہ دیااور کار میں اپنے ساتھ لے گیا۔ اغوا کار جس کی شناخت روی شیکھر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے لڑکی کو کار میں لے کر فرار ہوگیا اور ریاست آندھرا پردیش کے ضلع چتور اونکی میں لڑکی کو چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ یہ شخص لڑکی کو کہاں لے گیا تھا اس بات کی جانچ جاری ہے اور پولیس نے اونکی سے لڑکی کو سیدھے پیٹلہ برج ہاسپٹل منتقل کیا ۔ جہاں کافی دیر تک لڑکی کی طبی جانچ کے بعد پولیس نے لڑکی کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے دوسرے مقام منتقل کردیا۔ پولیس اس اغواکار کی تلاش میں جٹ گئی اور دعویٰ کیا ہے کہ بہت جلد اس شخص کو گرفتار کرلیا جائے گا۔