بنگلورو، 10 نومبر (یو این آئی) کرناٹک پکل بال ایسوسی ایشن اور انڈین پکل بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام افتتاحی انڈین پکل بال نیشنل چمپئن شپ 2025 جمعرات کو شروع ہوگی۔ پکل بال چمپئن شپ کا یہ افتتاحی ایڈیشن 13 سے 16 نومبر تک بنگلورو کے دی اسپورٹس اسکول میں منعقد ہوگا۔ چمپئن شپ کا انعقاد حکومت ہند کی وزارت برائے امور نوجوانان اور کھیل کی جانب سے نیشنل اسپورٹس فیڈریشن کی باضابطہ منظوری ملنے کے بعد کیا جارہا ہے۔ چمپئن شپ میں 20سے زائد ریاستوں کے 1,200 سے زائد کھلاڑی شامل ہوئے ہیں، جن میں انڈر 12 سے لے کر 70 سال سے زیادہ عمر کے کھلاڑی شامل ہیں۔ یہ مردوں، خواتین اور مکسڈ فارمٹس میں منعقد ہوگی۔ کے پی اے کے صدر ہرشا نے کہا کہ یہ نیشنل چمپئن شپ اس کھیل کیلئے ایک تاریخی ایونٹ ہے اور ہمیں بنگلورو میں اس کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ۔ ہندوستانی فٹبالر عاشق کرونیان نے کہا کہ بنگلور میں پکل بال کو دیکھنا بہت اچھا ہے ۔ یہ ایک تفریحی اور جامع کھیل ہے جو ہر عمر اور فٹنس کی سطح کے لوگوں کی پسند ہو سکتی ہے ۔