افتتاحی تقریب میں بڑی غلطی پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کی معذرت خواہی

   

پیرس : پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بڑی غلطی پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے معافی مانگ لی ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے اپنے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کروانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا جس پر کمیٹی نے معافی مانگ لی ہے ۔پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کروایا اور اس غلطی پر کمیٹی کو تنقیدوں کا سامنا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کروانے پر جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ افتتاحی تقریب کے دوران ہونے والے واقعے پر افسوس ہوا۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افتتاحی تقریب میں براڈکاسٹنگ کے دوران غلطی ہوئی تھی اور ہم اس پر معافی مانگتے ہیں۔ دوسری جانب واقعے پر جنوبی کورین وزارت کھیل کے نائب وزیر نے آئی او سی چیف سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور غلطی پر وزارت کھیل نے وزارت خارجہ کے ذریعے فرانسیسی حکام سے احتجاج کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں ہی منتظمین نے مضحکہ خیز غلطی کرتے ہوئے اولمپکس کا جھنڈا الٹا لہرا دیا تھا۔دوسری طرف اولمپکس گیمس کے آغاز کے ساتھ ہی پیرس میں ریلوئے اسٹیشن پر حملہ کی بات کہی گئی جبکہ ائیر پورٹ پر بم کی جھوٹی اطلاع سے سنسنی پھیل گئی ۔