سیمی فائنل میں پہنچنے ہندوستان کی امیدوں کو دھکہ‘ 26فروری کو زمبابوے سے مقابلہ
احمد آباد ۔23؍فروری ( ایجنسیز )جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو 76 رنز سے شکست دے کر گزشتہ فائنل کا حساب چکتا کردیا۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے 43ویں اور سوپر 8 مرحلے کے اہم ترین میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹیم انڈیا کو 76 رنز سے شکست دے دی۔احمد آباد اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں 188 رنز کے جیت کا نشانہ کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 111 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل فتوحات کے سلسلے کو بریک لگ گیا۔ یہ T20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی سب سے بڑی اور T20 فارمیٹ میں دوسری بڑی شکست ہے۔ اس شکست سے سیمی فائنل میں پہنچنے کی ہندوستان کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقی ٹیم نے دفاعی چیمپئن ہندوستان سے گزشتہ ٹی ورلڈ کپ کے فائنل کی شکست کا بدلہ لے لیا۔ہندوستانی ٹیم جس نے 2024ء کے ورلڈ کپ کے تمام میچز جیتے تھے اسے آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل 12 فتوحات کے بعد شکست منہ دیکھنا پڑگیا ہے۔ انڈین بیٹنگ لائن اپ جنوبی افریقی بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ شیوم دوبے 42 رنز کے ساتھ ٹاپ بیٹر رہے جبکہ ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار 18، 18 کے سوا کوئی اور بیٹر خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکا اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن نے 4، کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 187 رنز بنائے تھے۔ڈیوڈ ملر 63 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ڈیوالڈ بریوس 45، کپتان ایڈن مارکرم 4، ڈی کوک 6، رائن ریکلٹن 7، مارکو یانسن 2 اور کوربن بوش 5 رنز بناکر پویلین لوٹے۔جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبس 44 اور کاگیسو ربادا صفر رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمرا 3، ارشدیپ سنگھ 2، ورون چکرورتی اور شیوم دوبے نے 1، 1 وکٹ حاصل کی تھی۔ ہندوستان کو اگلا میچ 26 فروری کو زمبابوے سے کھیلنا ہے جبکہ اسی روز جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز مدمقابل ہوں گے۔