افریقہ کو اننگز اور 53 رنز کی شکست، انگلینڈ کو ناقابل شکست برتری

   

Ferty9 Clinic

پورٹ ایلزبتھ ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو ٹسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے میچ کے آخری روزکھیل کا آغاز جنوبی افریقہ کی بدترین انداز سے ہوا جب ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کو 102 رنز 6 کھلاڑیوں پر دوبارہ شروع کیا۔ جنوبی افریقہ کے ورنان فلینڈر 13 اور مہاراج 5 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن ان کی شراکت میں صرف 19 کا اضافہ ہوا اور فلینڈر گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ مہاراج نے انگلینڈ کے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے لیے انہوں نے کگیسو رابادا کے ساتھ مل کر اسکور کو 128رنز اور پھر انرچ نورٹجے کے ساتھ شراکت میں 138 رنز تک پہنچایا۔رابادا نے 16 رنز بنائے جنہیں ووڈ نے آوٹ کیا۔ مہاراج نے پیٹرسن کے ساتھ آخری وکٹ میں 99 رنزکا اضافہ کیا لیکن ٹیم کو اننگز کی شکست سے نہ بچاسکے اور 71 رنز کی ایک اچھی اننگز کھیل کر رن آوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 237 رنز بنا کر آوٹ ہوئی اور ایک اننگز اور 53 رنز سے شکست کھا گئی جبکہ سیریز میں بھی خسارے کا سامنا ہے۔انگلینڈ کی جانب سے جوروٹ 4 وکٹیں لے کر سرفہرست بولر رہے، ووڈ نے 3، اسٹورٹ براڈ اور بیس نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں شاندار سنچری کرنے والے انگلینڈ کے نوجوان بیس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔