افریقہ کو فلینڈر کا بھی نقصان، کاونٹی سے کولپاک معاہدہ

   

لندن ۔30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کی کرکٹ کاونٹی سمر سیٹ نے تصدیق کردی ہے کہ جنوبی افریقہ کے مشہور فاسٹ بولر ورنان فلینڈر نے کاونٹی سے کولپاک معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سمرسیٹ نے ورنان فلینڈر سے کولپاک معاہدے پر اتفاق کی تصدیق کی ہے تاہم کلب کو نئے سال کے آغاز تک فلینڈر کی جانب سے معاہدے پر دستخط کی توقع نہیں ہے۔ سمرسیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ فلینڈر کے حوالے معاملات طے پانے کے لیے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے ضروری قانونی نکات طے کررہے ہیں تاکہ وہ کھلاڑیوں کے کولپاک معاہدے میں رجسٹر ہوجائیں۔ کلب نے مزید کہا ہے کہ کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دینے کے لیے ای سی بی سے معاہدہ مکمل کیا جارہا ہے اور ہم نئے سال میں معاہدے کے حوالے سے تمام کارروائی مکمل کرنے جارہے ہیں۔ فلینڈر نے اس سے قبل سمرسیٹ کی جانب سے 2012 میں 5 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 23 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ فلینڈر اس سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کرکے انگلش کاونٹی سے کولپاک معاہدہ کریں گے۔ خیال رہے کہ 2003 سے اب تک 60 سے زائد جنوبی افریقی کھلاڑی کولپاک معاہدہ پر دستخط کر چکے ہیں جہاں اس معاہدے کی بدولت وہ وی یورپیئن رہائش کے قانون کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کی کاؤنٹی ٹیم سے کھیل سکتے ہیں اور ان کوغیرملکی کھلاڑی بھی تصور نہیں کیا جاتا۔ کولپاک معادہ پر دستخط کرنے کے بعد کھلاڑی اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔ جنوبی افریقہ کے کئی نامور اور مستقبل کے اسٹارز تصور کیے جانے والے کھلاڑیوں نے نوجوانی میں کولپاک پر دستخط کر کے کاؤنٹی کرکٹ کو ترجیح دی جس کی وجہ کم معاوضے اور نیشنل ٹیم میں مستقل مواقع نہ ملنا تھا۔ جنوبی افریقہ کے رلی روسو، کائل ایبٹ، ڈوانے اولیویئر اور وین پارنیل سمیت کئی کھلاڑیوں نے اپنے ملک کے لیے کھیلنے پر کولپاک معاہدہ کو ترجیح دی۔