افریقہ کو ٹی 20 سیریز میں بھی شکست دیں گے :رضوان

   

جوہانسبرگ ۔جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے ہیرو محمد رضوان نے نئے عزائم کا اظہار کیا ہے اورانہوں نے کہا کہ ونڈے سیریز کی طرح جنوبی افریقہ کو ٹی 20 سیریز میں بھی شکست سے دوچارکریں گے۔محمد رضوان نے مزید کہا کہ سیریز کا جیت سے آغاز کرنا اہم ہوتا ہے، کھلاڑیوں پر اعتماد ہے اگلا میچ بھی جیتیں گے۔پاکستانی ٹیم وکٹ کیپر بیٹسمین جو 3 ونڈے میچوں میں خاطر خواہ مظاہرہ نہیں کرسکے تھے لیکن پہلے میچ میں انہوں نے ساری کسر پوری کردی۔محمد رضوان نے میچ میں 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس دوران 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔انہوں نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بابراعظم 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 27 رنز ہی بناسکے۔ تجربہ کار محمد حفیظ اپنا 100واں میچ یادگار نہ بناسکے اور صرف 13 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔حیدر علی بھی 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور محمد نواز نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی، وہ پہلی ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دوسرے سرے سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود محمد رضوان نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔132 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد پاکستان کی میچ میں واپسی مشکل دکھائی دے رہی تھی تاہم محمد رضوان اور فہیم اشرف نے آخری 3 اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ فہیم اشرف آخری اوور میں 14 گیندوں پر30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 50 گیندوں پر 74 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔اس سے قبل میچ کا ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان کلاسن نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جانے من ملان اور ایڈن مارکرم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم ملان 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وہان لوبے بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔مارکرم نے کپتان ہینرک کلاسن کے ساتھ ملکر پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی مارکرم نے 30 اور کلاسن نے 24 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کیں، وہ بالترتیب 51 اور 50 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ وان بلجوئن نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا وہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ جارج لنڈے 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اینڈلے فیفلکوایا اور سساندا مگالا نے فی کس9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستانکی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے فی کس 2 جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔