انگولا ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک انگولا کی ایک عدالت نے سابق صدر یوزے ایڈوارڈو دوش سانتوش کی بیٹی کے تمام بینک اکاؤنٹ منجمد کر دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ہیروں اور تیل کا کاروبار کرنے والی ازابیل افریقہ کی امیر ترین خاتون ہیں۔افریقی ملک انگولا میں وکلاء استغاثہ نے بتایا کہ عدالتی حکم کے مطابق سابق ملکی صدر کی بیٹی، 26 سالہ ازابیل دوش سانتوش کے تمام اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں۔ عدالت نے یہ فیصلہ بدعنوانی کے ایک مقدمے میں سنایا۔ عدالت کے مطابق کئی کمپنیوں نے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر بے قاعدگیاں کیں، جن میں خام تیل کی پیداوار کے شعبے میں کام کرنے والی سرکاری کمپنی سوناگول بھی شامل ہے، جس کی سربراہی ازابیل کے پاس تھی۔ اسی طرح ہیروں کا کاروبار کرنے والی کمپنی سوڈیم بھی اس اسکینڈل میں ملوث ہے اور اس کی سربراہ بھی یہی خاتون تھیں۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے، ”سرکاری کمپنیوں کے ذریعے بہت بڑی غیرملکی رقوم بیرونی کمپنیوں کو منتقل کی گئیں اور جن کو فائدہ پہنچایا گیا، ان کے ساتھ ان رقوم کی واپسی کا کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا تھا۔‘‘