وجیانگرم ۔ 25 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) روہت شرما جنھیں اپنے ٹسٹ کیرئیر کو ایک نئی راہ دکھانے کی ضرورت ہے اور جیسا کہ قومی سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ٹسٹ میں ان سے اننگز کے آغاز کی بھی بات کہی ہے اب وہ کل یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف بورڈ پریسیڈنٹ الیون کے سہ روزہ مقابلے میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں اور اُمید کی جارہی ہے کہ وہ اس مقابلے میں اننگز کا آغاز کریں گے ۔ ہندوستانی سلیکٹروں اور سلیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ روہت شرما کو ٹسٹ کرکٹ میں بھی اننگز کے آغاز کی ذمہ داری دی جائے کیونکہ ان کے اسٹروکس سے نہ صرف آغاز میں ہی رنز بن سکتے ہیں بلکہ نشانے کے تعاقب میں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے ۔ 32 سالہ اسٹائلش کھلاڑی روہت شرما کے ساتھ مائینک اگروال کو اننگز کے آغاز کے لئے استعمال کئے جانے کی اُمید ہے جوکہ 2 اکتوبر کو وشاکھاپٹنم میں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ میں اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں۔ ٹسٹ سیریز میں جس تیسرے کھلاڑی پر توجہ مرکوز ہوگی وہ فاسٹ بولر اُمیش یادو ہیں جنھیں زخمی جسپریت بمرہ کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا گیاہے ۔ اُمیش یادو کو حریف کپتان فاف ڈوپلیسی اور ایڈیان مارکرام کی صبر آزما صلاحیتوں کا سامنا کرنا ہے ۔ ان تمام کے باوجود کل یہاں شروع ہونیو الے ٹور مقابلے میں تمام تر توجہہ روہت شرما پر ہوگی ۔ محدود اوور کی کرکٹ میں کامیاب ترین بیٹسمین روہت شرما 27 ٹسٹ مقابلوں میں 39.62 کی اوسط سے رنز بناچکے ہیں جس میں تین سنچریاں بھی شامل ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ٹیم میں اپنا مقام مستقل نہیں بنا پائے ہیں۔ نائب کپتان اجنکیا رہانے اور اُبھرتے بیٹسمین ہنوما وہاری نے ویسٹ انڈیز کے خلاف منعقدہ ٹسٹ سیریز کے دوران بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے میڈل آرڈر میں اپنا مقام پکا کرلیاہے جس کے بعد روہت شرما کو اب صرف ٹسٹ میں بھی اننگز کے آغاز کا مقام ہی بچ گیا ہے ۔ سہ روزہ وارم اپ مقابلہ روہت کے لئے سخت امتحان ہوگا کیونکہ جنوبی افریقہ میں دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر کیگیسورباڈا ، لنگی نگڈی اور ورنان فلینڈر کا سامنا کرنا ہے ۔ کوکابورا گیند جوکہ کافی سوئنگ لیتی ہے اور روہت شرما کی صلاحیتوں پر ہمیشہ ہی سوئنگ لیتی گیندوں کے خلاف کئے جانے والے مظاہروں پر سوالیہ نشان رہا ہے لیکن ویراٹ کوہلی اور روی شاستری نے روہت پر اُمید ظاہر کرنے کے علاوہ سابق عظیم اوپنر ویریندر سہواگ کو ذہن میں رکھتے ہوئے روہت کو اسی طرح استعمال کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔