افریقہ ۔پاکستان آج کیپ ٹاؤن ٹسٹ کا آغاز

   

کیپ ٹاؤن۔ 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے خلاف 3 جنوری کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں اظہر علی اور اسد شفیق کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ناقص کارکردگی کے باوجود ایک اور موقع دیا جائے گا، محمد عباس کی جگہ بنانے کیلئے بولرز میں سے کسی ایک کو خارج کرنے کا مشکل فیصلہ کرنا ہوگا۔ دوسری جانب ورنان فلینڈر کی واپسی پر کس کو بٹھایا جائے؟ جنوبی افریقی ٹیم بھی سوچ بچار میں پڑ گئی۔ دوسرے ٹسٹ کی تیاری کیلئے مہمان ٹیم کی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رہا، نیو لینڈز اسٹیڈیم میں ٹاپ آرڈرکوچزکی بھرپور توجہ کا مرکز بنی، بولروں نے اپنی لائن اور لینتھ پر کام کیا، سلپ کیچز کی پریکٹس بھی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سنچورین ٹسٹ میں اظہر علی اور اسد شفیق کی کارکردگی مایوس کن رہی، دلبرداشتہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے ٹیم اجلاس میں سینئرز پر برہمی اور کیپ ٹاؤن میں بڑی تبدیلیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں لیکن ناقص کارکردگی کے باوجود دونوں سینئرزکوایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔اسد شفیق نے2013 میں کیپ ٹاؤن میں سنچری بنائی تھی۔ انتظامیہ کوامید ہے کہ سینئرز اس مرتبہ توقعات کا بوجھ اٹھانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔گھٹنے کی تکلیف کا شکارحارث سہیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے سنچورین ٹسٹ میں شان مسعود کوموقع ملا، نوجوان بیٹسمین نے دوسری اننگز میں مشکل صورتحال میں 65 رنز بنائے، عام طور پر بطور اوپنرکھیلنے والے شان مسعود تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی۔ فخرزمان دونوں اننگز میں پراعتماد نظر نہیں آئے، حارث سہیل کی جگہ بنانے کیلیے ان کو خارج کرنے کا راستہ موجود ہے لیکن ذرائع کے بموجب جارحانہ اوپنر کو بھی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے اور بیٹنگ شعبہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ کندھے کی تکلیف سے مکمل طور پر صحتیاب نہ ہونے کی وجہ سے محمد عباس سنچورین ٹسٹ میں شریک نہیں ہوسکے تھے تاہم بعدازاں پریس کانفرنس میں سرفرازاحمد نے ان کی فٹنس بحال ہونے کی خبر سنائی۔ گزشتہ سال شاندار کارکردگی پیش کرنے والے عباس کی جمعرات کو شروع ہونے والے کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں واپسی یقینی ہے، دوسری جانب ناتجربہ کار ہونے کے باوجود شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، متاثر کن کارکردگی کے بعد ان کو خارج کرنے کا فیصلہ بھی آسان نہیں ہوگا، اگر 4 فاسٹ بولروں کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تویاسر شاہ کوباہر بٹھانا پڑے گا۔ دوسری صورت میں حسن علی کو خارج کیا جائے گا۔دوسری جانب میزبان ٹیم انتظامیہ کیلئے بھی ٹیم کا انتخاب آسان کام نہیں۔ کیپ ٹاون میں کھیلے گئے 9 ٹسٹ میچز میں 16.55 کے اوسط سے 49 وکٹیں حاصل کرنے والے فلینڈر کی واپسی کا اشارہ کپتان فاف ڈوپلیسی دے چکے۔ تجربہ کار بولر کا خلا پر کرنے والے اولیور نے سنچورین میں 11 وکٹیں لی ہیں اور ان کو خارج کرنا معقول فیصلہ نہیں ہوگا۔ کاگیسو ربادا نے گزشتہ سال کا اختتام عالمی نمبر ایک بولرکی حیثیت سے کیا جبکہ ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ فلینڈر کی جگہ کیلیے ایک بیٹسمین ڈی بروئن کو باہر بٹھانے کا فیصلہ کرسکتی ہے ۔