کیپ ٹاؤن۔3جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا کا خیال ہے کہ ان کا ٹسٹ بولنگ شعبہ دنیا میں سب سے بہتر ہے اور ورنان فیلانڈر کی ٹیم میں واپسی پاکستانی ٹیم پر دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹخنے کی تکلیف کے سبب 2018 فیلانڈر کیلئے کافی مشکلات کا سال رہا جس میں انگوٹھے کے فریکچر نے مزید اضافہ کردیا تاہم اپنے ہوم گراؤنڈ کیپ ٹاؤن پر ان کی واپسی پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے پریشان کن ثابت ہوئی ہے اور انہوں نے نیو لینڈز پر وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرلی ہے اور یہاں ان کی بولنگ اوسط16.55جبکہ اسٹرائیک ریٹ 35.1 ہے۔ پاکستان نے اس میدان پر ابھی تک کھیلے گئے تینوں ٹسٹ میچوں میں شکستوں کا سامنا کیا ہے اور گزشتہ اسد شفیق کی سنچری اور سعید اجمل کی دس وکٹوں کے اثرات زائل کرتے ہوئے 9وکٹیں لے کر ورنان فیلانڈر نے چار وکٹوں سے فتح میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔یادرہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں میزبان ٹیم نے مقابلہ اندرون 3 دن میں اپنے نام کیا تھا جبکہ جمعرات کو کیپ ٹاؤن میں شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ میں بھی افریقی بولروں نے پاکستانی ٹیم کو پہلے ہی دن آل آوٹ کردیا ہے۔