کولکاتہ ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی ٹیم جوکہ ہندوستان کے دورہ پر موجود تھی وہ آج کولکاتہ سے اپنے وطن واپس لوٹ گئی ہے۔ جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان تین ونڈے مقابلوں کی سیریز کوروناوائرس کی وجہ سے ملتوی کردی گئی۔ جنوبی افریقی ٹیم وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک کی قیادت میں ہندوستان پہنچی تھی جہاں اسے تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا آغاز کرنا تھا اور دھرمشالہ میں پہلا مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا۔ دھرم شالہ میں منعقد شدنی مقابلہ بارش اور گیلے میدان کی وجہ سے کھیلا نہیں جاسکا اور اس مقابلہ میںایک بھی گیند نہیں ڈالی گئی۔ بعدازاں ہندوستان میں کوروناوائرس کے مریضوں کی توثیق اور اس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہند۔ جنوبی افریقہ سیریز منسوخ کردی گئی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اور اس کے معاون عملہ کے افراد نے کولکاتہ سے دبئی کیلئے پرواز بھری جہاں سے وہ اپنے ملک روانہ ہوجائے گی۔ کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال کے صدر ابھیشیک ڈالمیا نے کہا کہ آج صبح جنوبی افریقی ٹیم بحفاظت دبئی کیلئے روانہ ہوچکی ہے اور وہاں سے وہ اپنی اپنی منزل کی سمت روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دہلی سے بھی روانگی کی سہولت فراہم کی گئی تھی لیکن انہوں نے محفوظ شہر کولکاتا سے وطن روانہ ہونے کے متبادل سہولت کا استعمال کیا ہے۔ واضح رہے بی سی سی آئی اور کرکٹ ساوتھ افریقہ کے حکام نے باہمی رضامندی سے سیریز ملتوی کی ہے۔