بیونس ایئرس : عالمی شہرت یافتہ ارجنٹینا کے فٹ بال کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کو بیونس آئیرس کے قریب ایک قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی آخری رسومات میں قریبی دوستوں اور گھر والوں نے شرکت کی۔ تدفین سے قبل میراڈونا کے جسد خاکی کے تابوت کو بیونس آئیرس کے ایک تاریخی مرکزی چوک پر عوام کے آخری دیدار کے لیے رکھا گیا تھا جہاں سے بعد ازاں ان کے تابوت کو قبرستان پہنچایا گیا۔ میراڈونا کے لاتعداد مداح ان کے تابوت کے گرد جمع ہوئے۔ دنیا کے فٹ بالرز کے ایک درخشاں ستارے کی حیثیت رکھنے والے میرا ڈونا کا انتقال چہارشنبہ کو حرکت قلب بند ہو جانے کے سبب ہوا تھا۔ بیونس آئرس میں میراڈونا کے تابوت تک ان کے سوگواروں کی رسائی محدود رکھنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں شائقین اور پولیس کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔