نئی دہلی :اردو ادب کی ایک اور اعلیٰ شخصیت نے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ مشہور افسانہ نگار پروفیسر ابن کنول انتقال کر گئے۔ وہ ایک وائیوا کیلئے علی گڑھ گئے تھے جہاں طبیعت اچانک خراب ہوئی۔ انہیں ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ پروفیسر ابن کنول کا اصل نام ناصر محمود کمال تھا۔ ان کی پیدائش 15 اکتوبر 1957 کو ضلع مراد آباد کے ایک زمیندار خاندان میں ہوئی تھی۔ والد محترم مشہور قومی شاعر قاضی شمس الحسن کنول تھے۔ پروفیسر ابن کنول تقریباً 40 برسوں سے اردو زبان و ادب کے فروغ میں ہمہ تن مصروف تھے اور انھوں نے کم و بیش دو درجن کتابیں تصنیف کیں۔