سرینگر: وادی کشمیر میں منگل کے روز محمد افضل گورو کی آٹھویں برسی کے موقع پر کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال رہی جس سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ۔بتادیں کہ محمد افضل گورو کو سنہ 2001ء کے پارلیمنٹ حملہ کیس میں مجرم قرار دیکر 9 فروری 2013ء کو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی اور پھانسی کے بعد ان کے جسد خاکی کو جیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کیا گیا تھا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جہاں سری نگر کے پائین و بالائی علاقوں کے بازاروں میں ہڑتال کی وجہ سے دن بھر الو بولتے رہے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی جزوی نقل و حمل جاری رہی وہیں شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی جزوی ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ۔سینئر و بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کے مبینہ ٹوئٹر ہینڈل پر ہڑتال کی کال دی گئی تھی اور لوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ 9 فروری اور 11 فروری کو مکمل ہڑتال کریں۔