حیدرآباد : افضل گنج علاقہ میں ٹائیروں کے گودام میں آگ لگنے کے نتیجہ میں سنسنی پھیل گئی اور قریب میں ہی واقع پٹرول پمپ بھی اس کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح 11:30بجے افضل گنج علاقہ میں واقع اسٹیٹ سنٹرل لائبریری کے قریب واقع پرانے ٹائروں کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی ۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے سینکڑوں ٹائروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، جس کے نتیجہ میںکثیف دھواں پھیل گیا اور آسمان پر اٹھنے والے دھواںکو دور علاقوں تک دیکھا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی 10 سے زائد فائر انجن کو طلب کرلیا گیا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ محکمہ فائر کے حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ جہاں پر پیش آیا ہے اُسی علاقہ میں ایک پٹرول پمپ بھی واقع ہے اور فائر انجن عملہ نے آگ کو پھیلنے سے روک لیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ایک شخص جو اکثر ٹائر جلاکر اس میں سے تار نکالنے کا کام کرتا ہے ، وہ آج صبح بھی بعض ٹائروں کو آگ لگائی تھی جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ۔اس حاثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔ افضل گنج پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
